حال ہی میں شادی کے بندھن میں بندھنے والی سوشل میڈیا اسٹار و ٹی وی میزبان ڈاکٹر نبیحہ علی خان کے شوہر حارث کھوکر نے انکشاف کیا ہے کہ ان کے درمیان 6 سال سے تعلقات تھے لیکن چند ماہ قبل انہوں نے شادی کا فیصلہ کیا۔
ڈاکٹر نبیحہ علی خان اور حارث کھوکھر نے 7 نومبر کو شادی کی، ان کا نکاح مولانا طارق جمیل نے پڑھایا تھا، ان کی شادی کی ویڈیوز اور تصاویر وائرل ہوگئی تھیں۔
شادی کے موقع پر ٹی وی میزبان ڈاکٹر نبیحہ علی خان نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا تھا کہ انہوں نے شادی کے موقع پر ڈیڑھ کروڑ کے زیورات جب کہ ایک کروڑ کا لباس پہنا۔
اب ان کے شوہر حارث کھوکھر نے اپنی شادی اور تعلقات کے حوالے سے شادی کے موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا ہے کہ پہلے ڈاکٹر نبیحہ علی خان نے ان سے اظہار محبت کیا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ انہوں نے ڈاکٹر نبیحہ علی خان کے ساتھ مل کر نوجوان صحافیوں کی فلاح و بہبود و ترقی کے لیے تنظیم بنائی تھی اور دونوں 6 سال تک ایک ساتھ کام کرتے رہے۔
حارث کھوکھر کا کہنا تھا کہ ان کے اور ڈاکٹر نبیحہ علی خان کے درمیان 6 سال سے پیشہ ورانہ تعلقات تھے لیکن 5 ماہ قبل ٹی وی میزبان نے ان سے اظہار محبت کرتے ہوئے انہیں شادی کی پیش کش کی۔
انہوں نے بتایا کہ دونوں کے درمیان 6 سال میں کبھی کوئی تنازع یا جھگڑا نہیں ہوا، دونوں کی ذہنیت اور سوچ ملتی ہے، اس لیے انہیں امید ہے کہ ان کی شادی بھی کامیاب جائے گی۔
اس سے قبل ڈاکٹر نبیحہ علی خان نے بتایا تھا کہ انہوں نے پہلی شادی کم عمری میں خود سے 15 سال زائد العمر شخص سے کی تھی جو بعد ازاں انتقال کر گئے تھے، جس کے بعد انہوں نے کبھی دوسری شادی کا نہیں سوچا۔
ڈاکٹر نبیحہ علی خان کے چند ہفتے قبل ہی بتایا تھا کہ انہوں نے دوسری شادی کا فیصلہ کرلیا ہے اور ان کے ہونے والے شوہر حارث کھوکھر ترکی کے مردوں کی طرح خوبصورت ہیں۔
