سینئر اداکارہ نائمہ خان نے معروف ادیب و ڈراما نگار اشفاق احمد سے اپنے خاندانی تعلق کا انکشاف کرتے ہوئے بتایا کہ وہ ان کے قریبی رشتے دار تھے، تاہم انہوں نے ہمیشہ اس بات کو میڈیا سے پوشیدہ رکھا۔
نائمہ خان نے حال ہی میں پروگرام ’زبردست وِد وصی شاہ‘ میں شرکت کی، جہاں انہوں نے اپنی زندگی سے متعلق کئی دلچسپ انکشافات کیے۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ انہیں بچپن سے ہی اداکاری کا شوق تھا، وہ گھر میں چائے بناتے وقت مختلف کرداروں میں چائے پیش کرتیں تھیں اور گھر کے کام جلدی نمٹاکر شیشے کے سامنے اداکاری کیا کرتی تھیں۔
تاہم، ان کے والد کی جانب سے اداکاری کی اجازت نہیں تھی اور ٹی وی دیکھنے پر بھی سخت پابندی عائد تھی، اسی وجہ سے میٹرک کے بعد انہوں نے والدہ سے کہا کہ ان کی شادی کرادی جائے تاکہ وہ اپنے شوق پورے کرسکیں۔
اداکارہ کے مطابق شادی کے بعد زندگی مکمل طور پر بدل گئی اور ان کے سارے خواب چولہا ہانڈی کی نذر ہوگئے، تاہم ان کے شوہر نے ہمیشہ ان کا ساتھ دیا۔
نائمہ خان نے بتایا کہ ایک دن وہ شوہر کے ساتھ ڈراما دیکھ رہی تھیں تو ایک مکالمے پر انہوں نے کہا کہ یہ ڈائیلاگ اس طرح ادا نہیں ہونا چاہیے، اس پر شوہر نے جواب دیا کہ تم کرلو، جس کے بعد انہوں نے شوہر کو اپنے اداکاری کے شوق کے بارے میں بتایا، جس پر شوہر نے انہیں مکمل سپورٹ کیا اور کہا کہ جو کرنا چاہتی ہو کرو، کسی کی پرواہ نہ کرو۔
نائمہ خان نے گفتگو کے دوران انکشاف کیا کہ معروف ادیب اشفاق احمد ان کے رشتے میں ماموں تھے، اگرچہ سگے نہیں لیکن بہت قریبی تھے، جنہوں نے انہیں سختی سے ہدایت کی تھی کہ وہ میڈیا میں اس تعلق کے بارے میں کبھی ذکر نہ کریں، کیونکہ ان کے مطابق اگر یہ بات منظرِ عام پر آگئی تو لوگ ان کو صرف اس رشتے سے پہچانیں گے اور ان کی اپنی شناخت دب جائے گی۔
اداکارہ نے مزید بتایا کہ اشفاق احمد انہیں بہت پیار کرتے تھے، وہ ان کی گود میں کھیلی ہیں، لیکن انہوں نے ہمیشہ اپنی محنت سے کام کیا اور کسی تعلق کا فائدہ نہیں اٹھایا۔
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ اشفاق احمد نے اپنی زندگی کے آخری ایام میں ان سے فرمائش کی تھی کہ گھر پر ایک مٹکہ پارٹی رکھیں، جس میں کچی لسی اور ٹھنڈے آم رکھے جائیں، وہ اس بات پر راضی ہوگئی تھیں، مگر انہی دنوں وہ بچوں کے ساتھ لندن چلی گئیں اور اسی دوران اشفاق احمد کا انتقال ہوگیا۔
نائمہ خان نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہیں دکھ ہے کہ وہ اپنے ماموں کی آخری خواہش پوری نہیں کرسکیں۔
واضح رہے کہ اشفاق احمد پاکستان کے نامور ادیب، ڈراما نگار، افسانہ نویس اور روحانی مفکر تھے جنہوں نے اردو ادب کو فکری گہرائی اور روحانی رنگ عطا کیا۔
