اداکارہ صبا قمر نے اپنے خلاف الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے صحافی نعیم حنیف کو 10 کروڑ روپے کا قانونی نوٹس بھیج دیا۔
گزشتہ دنوں صحافی نعیم حنیف نے آر این این ٹی وی کے یوٹیوب چینل پر شیئر کی گئی ایک ویڈیو میں اداکارہ صبا قمر پر یہ الزام عائد کیا تھا کہ 2003 سے 2004 کے دوران وہ ایک شخص کے ساتھ تعلق میں تھیں، جن سے ان کی شادی نہیں ہوئی تھی اور وہ لاہور کے والٹن روڈ پر اس شخص کے فراہم کردہ گھر میں مقیم تھیں۔
نعیم حنیف نے مزید دعویٰ کیا کہ اداکارہ اور اس شخص کے درمیان بعد میں تعلقات خراب ہوگئے، جس کے بعد اس شخص نے صبا قمر کو پریشان کرنا شروع کردیا اور اداکارہ اس شکایت کے ساتھ جنگ کے دفتر بھی آئی تھیں۔
ان کا کہنا تھا کہ صبا قمر کو ابتدا سے یہ عادت رہی ہے کہ اگر کوئی شخص انہیں کسی بھی شہر میں گھر فراہم کر دے تو وہ وہاں رہنے پر آمادہ ہوجاتی ہیں۔
ان الزامات کے بعد صبا قمر نے صحافی نعیم حنیف کے خلاف قانونی چارہ جوئی کا فیصلہ کیا۔
حال ہی میں انہوں نے انسٹاگرام اسٹوری پر قانونی نوٹس کی تفصیلات شیئر کیں، جن کے مطابق انہوں نے نعیم حنیف کے خلاف 10 کروڑ روپے ہرجانے کا دعویٰ دائر کیا ہے۔
نوٹس کے مطابق صحافی نے اداکارہ کے بارے میں جھوٹے، من گھڑت اور توہین آمیز بیانات دیے اور آر این این ٹی وی پر ان کی ذاتی زندگی سے متعلق غیر مصدقہ اور سنسنی خیز دعوے کیے۔
جاری کیے گئے نوٹس میں صبا قمر کے قومی و بین الاقوامی مقام کو اجاگر کیا گیا، خصوصاً ان کے بطور یونیسف پاکستان کی نیشنل ایمبیسیڈر برائے حقوقِ اطفال کردار کو نمایاں کیا گیا۔
نوٹس میں صحافی پر اشاروں کنایوں پر مبنی تبصروں اور عورت مخالف رویے کے ذریعے اداکارہ کے کردار پر سوال اٹھانے اور ان کی پیشہ ورانہ کامیابیوں کو کم تر ظاہر کرنے کا الزام عائد کیا گیا۔
قانونی نوٹس کے مطابق نعیم حنیف کو سات دن کی مہلت دی گئی ہے کہ وہ درج مطالبات پر عمل کریں، بصورت دیگر ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔
صبا قمر نے دس کروڑ روپے کے مالی ہرجانے کا مطالبہ کیا ہے تاکہ ان کی شہرت کو پہنچنے والے نقصان، ذہنی اذیت اور صدمے کا ازالہ کیا جا سکے، اس کے ساتھ انہوں نے متنازع پوڈکاسٹ کو تمام پلیٹ فارمز سے فوراً ہٹانے، عوامی معافی جاری کرنے اور مستقبل میں ان کی ذاتی زندگی سے متعلق کسی بھی قسم کے بیانات یا تبصروں سے مکمل اجتناب برتنے کی ہدایت دی ہے۔
صبا قمر نے انسٹاگرام پر اپنے پیغام میں الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ایک ایسے صحافی کے خلاف قانونی کارروائی کی ہے جس نے ان کے بارے میں جھوٹے اور بے بنیاد دعوے کیے۔
انہوں نے اپنے مداحوں، ساتھیوں اور انڈسٹری کے لوگوں سے اپیل کی کہ جب کوئی آپ کی بدنامی یا بے عزتی کرے تو خاموش نہ رہیں، ایسی حرکات کے خلاف آواز اٹھائیں اور لوگوں کو جوابدہ ٹھہرائیں۔
اداکارہ نے مزید کہا کہ آئیں تبدیلی لائیں، سچ بول کر اور مضبوطی سے کھڑے ہوکر۔
